گردے پتھری کے علاج کیلئے سٹیٹ آف آرٹ سنٹر بنانے کا فیصلہ

Feb 05, 2022

ملتان(توقیر بخاری سے ) نشتر ہسپتال میں گردے کی پتھری کے علاج کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ سٹیٹ آف آرٹ سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جسکے لئے نشتر میڈیکل کالج کے گریجوایٹ امریکہ میں مقیم ڈاکٹروں نے چار کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں زوم پر میٹنگ منعقد ہوئی۔جسمیں نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین خان،ڈائریکٹر لائف فار لائف ڈاکٹر محمد اسلم ناصر،امریکہ میں مقیم کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر شاہد اسحاق خان،سابق پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر حیات ظفر کے امریکہ میں مقیم صاحبزادے ڈاکٹر فواد ظفر،برطانیہ میں مقیم ڈاکٹر صادق تسنیم اور ملک بھر سے ڈاکٹر شریک ہوئے۔گردے کی پتھری کے علاج کے لئے سٹیٹ آف آرٹ سنٹر کے قیام کے لئے ڈاکٹر شاہد اسحاق خان نے تین کروڑ روپے اور ڈاکٹر فواد ظفر نے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ گردے کے پتھری کے مریضوں کی شرح ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں جنوبی پنجاب میں بہت زیادہ ہے۔ترقی یافتہ ممالک میں جدید مشینری اور لیزر کے ذریعے زخم اورچیرے کے بغیر پتھریاں نکالی جاتی ہیں۔اس منصوبے کی تکمیل کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔این 24 بیچ اس سے قبل نشتر ہسپتال میں جدید مشینری کی فراہمی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے متعدد منصوبوں میں مالی تعاون کررہا ہے۔

مزیدخبریں