کوہلو ( نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالشکور مری نے کہا ہے کہ بلوچستان انڈومنٹ فنڈ سے علاج و معالجے کے ثمرات مستحقین تک پہنچائے جائیں۔کینسر اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو ادویہ بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان انڈومنٹ فنڈ کے تحت جن مریضوں کو کراچی کے بڑے شہروں میں ریفر کیا جاتا ہے انڈومنٹ فنڈ کی زیادہ رقم ان پر لگ جاتی ہے جس کے باعث دیگر مریض مقامی سطح پر علاج و معالجے سے محروم رہ جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی مریضوں نے شکایت کی ہے کہ میڈیکل اسٹور سے ان کو ادویہ کی فراہمی بند کردی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ہمیں تین کروڑ سے زائد رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان انڈومنٹ فنڈ کے ثمرات مستحق مریضوں تک پہنچانے کیلئے اقدامات نا گزیر ہیں ورنہ یہ فنڈ بے سود ثابت ہوگااور کوشش کی جائے کہ بڑے ہسپتالوں کی بجائے چھوٹے اور معیاری ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرایا جائے کیونکہ بڑے ہسپتالوں میں سفارش کی بنیاد پر مریضوں کو ریفر کیا جا رہا ہے جن کے معمولی کیس کے بھی لاکھوں روپے بنتے ہیں اور فنڈ کا زیادہ حصہ ان پر صرف ہو جاتا ہے۔ لہذا ایسی پالیسی بنائی جائے کہ زیادہ سے زیادہ مریض اس فنڈ سے مستفید ہو سکیں۔