اسلام آباد‘ نیویارک (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) کرونا وائرس پلٹ پڑا ہے اور ملک میں اسکی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ مزید 48 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 6377 نئے مریض سامنے آ گئے ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اس کے کیسز کی شرح 9اعشاریہ 94 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ مزید 48 کرونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 6 ہزار 377کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ 4ہزار 566 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 29ہزار 420کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 14لاکھ 48ہزار 663ہو چکی ہے۔ پنجاب میں 13 ہزار 219 ‘ سندھ میں 7 ہزار 869 ‘ خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 31 ‘ اسلام آباد میں 983 ‘ بلوچستان میں 368 ‘ گلگت بلتستان میں 189 اور آزاد کشمیر میں 761 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق اومی کرون کا ذیلی ویرینٹ پانچ افریقی ملکوں میں پایا گیا ہے۔ ذیلی ویرینٹ بی اے2 کی شناخت کرنا آسان نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایاکہ ذیلی ویرینٹ بوٹسوانا، کینیا، ملاوی، سنیگال اور جنوبی افریقہ میں پایا گیا۔ ڈنمارک میں بی اے2 ویرینٹ نے اومی کرون کے اصل ویرینٹ کی جگہ لینا شروع کردی ۔ عالمی ادارہ صحت کا مزید کہنا تھا کہ ڈنمارک کے ڈیٹا کے مطابق بیماری کی شدت میں کوئی فرق نہیں آیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) نے اسلام آباد میں کرونا کیسز مثبت آنے پر مزید تعلیمی ادارے سیل کردیئے ہیں۔ اسلام آباد میں 16جنوری سے اب تک 173تعلیمی ادارے کرونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ کل سے اب تک 39تعلیمی ادارے سیل کیے گئے ہیں۔
کرونا
iکرونا کی شدت بڑھ گئی 48افراد جاں بحق 6377نئے مریض
Feb 05, 2022