کراچی (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے بلوچستان کے صوبائی وزیر برائے اسپشلائیزڈ ہیلتھ کیئر، میڈیکل ایجوکیشن اینڈ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر سید احسان شاہ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کی، وفد میں بلوچستان سے سینیٹر نسیم احسان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز طاہرہ بلوچ، فیض باریچ، عبدالرسول زہری اور دیگر شامل تھے، جبکہ اس موقع پر انڈس ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ میں درپیش چیلنجز کے باوجود صحت کی سہولیات کی فراہمی اور صوبائی حکومت کے اقدامات کے سلسلے میں آگہی دی، اس موقع پر صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ میں کینسر کے علاج میں درکار ریڈیو تھراپی، گردے و جگر کی پیوندکاری اور امراض قلب جیسے علاج کے لیے انفراسٹرکچر موجود ہے، انہوں نے کہا کہ SIUT، NICVD,، Hospital Dow، گمبٹ انسٹیٹیوٹ اور دیگر اداروں کو صوبائی حکومت کی گرانٹ کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت سندھ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت پرائمری و بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، اس سلسلے میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے ہزار دنوں پر مشتمل پروگرام بھی جاری ہے جس میں کمیونٹی مڈوائفری کے کردار کو بڑھایا گیا ہے، اس موقع پر بلوچستان کے ہیلتھ کیئر کے وزیر سید احسان شاہ نے صحت کے شعبے میں اٹھائے جانے والے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور خاص طور پر کرونا وائرس کی صورتحال کے دوران سندھ حکومت کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ صوبائی وزیر صحت بلوچستان نے کہا کہ ہم سندھ کی صوبائی حکومت کے مشکور ہیں کہ وہ بلوچستان خاص طور پر بلوچستان کے جنوبی حصے سے سندھ میں آنے والے مریضوں کو بھی علاج کی سہولیات فراہم کرتی ہے، انہوں نے ارادہ ظاہر کیا کہ بلوچستان کے بڑے شہروں میں NICVD کے طرز پر سہولیات کی فراہمی کا مکینیزم بنانا چاہتے ہیں، جس پر صوبائی وزیر صحت سندھ نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ ہم نے سندھ میں صحت کے حوالے سے مختلف قانون سازی پر بھی کام کیا ہے جس میں ٹیلی ہیلتھ سروسز، رپروڈکٹو ہیلتھ اور دیگر قانون سازی بھی شامل ہے۔ ملاقات میں صحت کی صوبائی وزارتوں کے درمیان مستقبل میں صحت کے حوالے سے معلومات کے تبادلے اور دیگر اہم امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔
عذرا پیچوہو