مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام عالم کو اقدامات اٹھانے ہونگے، صادق سنجرانی
کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ اسلام آباد میں منعقدہ ریلی میں شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک پوری قوم کشمیروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ 5اگست 2019کا بھارتی غیر قانونی اقدام جمہوریت کے منہ پر کالا نشان بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندرمودی کو 5اگست 2019کے مقبوضہ کشمیر کے لئے غیر قانونی اقدام کو واپس لینا ہو گا اور مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو گا۔ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام عالم کو اقدامات اٹھانے ہونگے اور بھارت نے 5اگست 2019کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کی مثا لیں قائم کی ہے ۔ کشمیری نوجوانوں، عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو قید و بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے نریندر مودی نے ہر اوچھے ہتھکنڈا استعمال کئے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ہو گا۔ کشمیر پاکستان کا حصہ اور شہ رگ ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا استعمال بند کرے اور کشمیر ی عوام کو اُن کا بنیادی حق آزادی فراہم کرے۔ پوری عوام کشمیروں کی جرات مندانہ جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وہ دن دور نہیں جب کشمیر انشا ءاللہ پاکستان کا حصہ ہو گا۔ریلی میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ سینیٹرز محسن عزیز ، فیصل سلیم رحمان ، ذیشان خانزدہ ، فوزیہ ارشد ، سیمی ایزدی ، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور دیگر پارلیمنٹرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔