لاہور (کامرس رپورٹر) آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا ہے کہ آذربائیجان نے لاہور‘ کراچی اور اسلام آباد سے آذربائیجان کے لئے براہ راست پروازیں شروع کی ہیں جس کے نتیجے میں صرف گزشتہ سال 50 ہزار پاکستانی آذربائیجان گئے ہیں۔ اس سے تجارتی ٹرن اوور کو تین گنا بڑھانے میں بھی مدد ملی ہے جو کہ تقریباً 28 ملین امریکی ڈالر تھا۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کا ویزا حاصل کرنے میں صرف تین گھنٹے لگتے ہیں۔ ہم پہلے ہی پاکستان کے توانائی‘ صحت اور زراعت کے شعبے میں تعاون کے لئے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان نے آرمینیا کے ساتھ ہماری جنگ میں ہمارا ساتھ دیا اور آذربائیجان کی سرزمین پر اس قبضے کی وجہ سے آرمینیا کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے پاس تقریباً 26 ملین امریکی ڈالر کا تجارتی سرپلس ہے‘ ہمارے ترکی کے ساتھ بہت اچھے تجارتی تعلقات ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ بھی ایسے ہی معاشی تعلقات چاہتے ہیں تاکہ پاکستان ‘ آذربائیجان اور ترکی کے تینوں جھنڈے ایک ساتھ لہرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی پاکستان سے چاول درآمد کر رہے ہیں اور پاکستانی چاول کی آذربائیجان میں بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے حق میں تجارتی تعلقات چاہتے ہیں اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لئے پاکستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے آذربائیجان کے سفیر کی طرف سے دی گئی دعوت کو قبول کیا اور جلد آذربائیجان کے لئے ایک وفد کی منصوبہ بندی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستان کے حق میں تجارتی تعلقات‘ ترجیحی معاہدے پر دستخط چاہتے ہیں: آذربائیجان
Feb 05, 2023