واشنگٹن‘ ماسکو (شنہوا + نوائے وقت رپورٹ) جنگ کا شکار روس اور یوکرائن کے درمیان جنگی قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ یوکرائنی حکام کے مطابق قیدیوں کے تبادلے میں روس نے 116 یوکرائنی فوجی رہا کر دیئے گئے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرائن نے 63 روسی فوجی رہا کر دیئے ہیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن کی حکومت نی یوکرائن کے لیے 2 ارب 20 کروڑ امریکی ڈالر کی مجموعی مالیت کی اضافی سکیورٹی امدادکا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے ایک بیان کے مطابق تازہ ترین پیکج کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں42کروڑ 50لاکھ ڈالر صدارتی ڈرا ڈان اتھارٹی کے ذریعے اور ایک ارب75کروڑ ڈالر کانگریس سے منظور شدہ امدادکے اقدام کے تحت فراہم کئے جائیں گے۔ امداد میں جو چیز خاص طور پر قابل توجہ ہے وہ ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ ہیں یا ہمراس میزائل لانچرز ہیں جو امریکہ نے یوکرائن کو فراہم کیے ہیں۔ نئے راکٹ جی پی ایس گائیڈڈ گرانڈ لانچڈ سمال ڈائی میٹر بمز (جی ایل ایس ڈی بی) ہیں جن کی رینج تقریبا 90 میل ہے جواس سے قبل امریکی فراہم کردہ ہمراس میزائل کی 40 میل کی رینج سے دوگنی سے بھی زیادہ ہے۔