لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے آغاز سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ آج بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف پہنچ چکے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ نمائشی میچ کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوچکے ہیں۔کھلاڑیوںنے کہا ہے کہ شائقین کو اچھا میچ ملے گا۔ پاکستان سپر لیگ مینجمنٹ نے پی ایس ایل 8 کو منفرد بنانے کا سوچ لیا ، پی ایس ایل 8 کیلئے نئی ٹرافی بنائی جائے گی ۔ پاکستان سپر لیگ 8 کی نئی ٹرافی کی رونمائی روایتی انداز سے کی جائیگی ، باغوں کے شہر لاہور کے شالیمار باغ میں پی ایس ایل 8 کی ٹرافی کی رونمائی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا ۔ پی ایس ایل فرنچائزز کے کپتان اور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی ٹرافی کی رونمائی کریں گے ۔
جبکہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے کپتان بھی ٹرافی رونمائی تقریب میں شامل ہونگے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے تحت ملک کے چار شہروں لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ 13فروری سے 19مارچ تک 4وینیوز پرکھیلا جائیگا،13 سے 26فروری تک ملتان اور کراچی میں مقابلے ہوں گے جبکہ 26فروری سے 19 مارچ تک لاہور، راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے۔
کوئٹہ میں نمائشی میچ آج،تیاریاں مکمل سکیورٹی کے سخت انتظامات
Feb 05, 2023