اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کو حقِ خودارادیت ملنے تک کوئی پاکستانی سکھ کی سانس نہیں لے سکتا۔ پی پی پی چیئرمین نے یوم یکجہتیِ کشمیر پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن عالمی برادری مقبوضہ وادی کے متعلق اقوام متحدہ کے سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری کے لیے آگے بڑھے گی، سات دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں جاری جدوجہدِ حق خود ارادیت کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء اور بھارتی ظلم و جبر کے مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیری عوام کی جدوجہد کے بارآور ہونے کی گھڑی آ پہنچی ہے۔ آصف علی زرداری نے یوم کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غیرقانونی قبضے والے کشمیر عالمی دنیا کے منصفوں سے انصاف چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر آج دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے جہاں انسانی حقوق کی پامالی روز کا معمول بن چکا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں مودی گردی کو بے نقاب کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی رائے شماری کے مطالبے کی حامی ہے۔