اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھارتی ایجنسیوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ منصوبے کے مطابق مجبور کشمیریوں کو پیسے کا لالچ دیکر سمگلنگ پر آمادہ کیا جاتا اور موقع ملنے پر بے خبر سمگلرز کو جعلی آپریشن میں مار دیا جاتا۔ بھارتی ایجنسیوں کے منصوبے کے مطابق بعد میں اسے آپریشن کا رنگ دیکر ذاتی تشہیر کی جاتی اور الزام پاکستان پر لگا دیا جاتا۔ منصوبے کے مطابق اسلحہ‘ منشیات کی چھوٹی کھیپ کشمیر پولیس سے خفیہ رکھ کر سمگل کی جاتی۔ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے پتہ لگایا گیا ہے کہ کامیابی پر 50 رائفل‘ 30 پستول‘ 20 دستی بم‘ 50 کلو منشیات آزادکشمیر سے سمگلنگ کا ڈرامہ رچایا جاتا‘ سمگلنگ کے دوران جعلی سمگلرز کو بھارتی فوج کے ہاتھوں مروایا جاتا۔ بھارتی منصوبے کے مطابق کارروائی کو آپریشن کا رنگ دیکر پاکستان پر دراندازی اور دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا۔ آپریشن میں ملوث افسران کو بطور انعام ہتھیار اور تعریفی اسناد سے نوازا جاتا۔ یاد رہے کہ بھارت اس سے پہلے بھی کئی بار پاکستان کے خلاف اس قسم کے جھوٹے اور بے بنیاد آپریشن کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک چکا ہے۔
پاکستان پر الزام کیلئے جعلی سمگلر مار آپریشن : ایک اور بھارتی منصوبہ نا کام بنا دیا گیا
Feb 05, 2023