اسلام آباد‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ سب کو اجتماعی کوشش کرنا ہوگی۔ کوش کر رہے ہیں معاشی مشکلات پر قابو پا لیں۔ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پہلے بھی اقدامات کئے‘ اب بھی کریں گے۔ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی اور ایٹمی قوت بنایا۔ اوورسیز پاکستانیوںکو آگے بڑھ کر شہریوں کی مدد کرنی چاہئے۔ مزید برآں ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے عمران خان کے مختلف کیسوں کے بارے میں گفتگو کی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امید واثق ہے کہ عمران خان جلد نااہل ہو جائیں گے، پی ڈی ایم کو قومی اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پنجاب و خیبر پی کے میں امن و امان اور اقتصادی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی الیکشن کمشن کو انتخابات کی تاریخ دینی چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں کو الیکشن اور معیشت سمیت تمام قومی امور پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے، مولانا صاحب، ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے دن رات کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں۔ دریں اثنا پارٹی ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں مریم نواز نے پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔ پارٹی کی تنظیم سازی اور ملک بھر میں ورکرز کنونشز کے انعقاد بارے مشاورت ہوئی، دونوں رہنماؤں نے پارٹی کے ناراض اراکان کو منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی، شہباز شریف اور مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے مریم نواز کو جلد شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان نواز شریف کے دیرینہ ساتھی ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممکنہ انتخابات کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، شہباز شریف لیگی کارکنوں کو انتخابات کے حوالے سے بھی جلد پیغام جاری کریں گے۔
یہ وقت تخریبی سیا ست کا نہیں : وزیراعظم
Feb 05, 2023