خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر: راجہ پرویز اشرف


اسلام آباد(خبرنگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے۔ نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ تو ان کی تحریک آزادی کو متزلزل کر سکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے اصولی موقف کو بدل سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت کا غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خلاف ظلم و بربریت خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی نے کشمیری عوام کو ان کی شناخت اور آزادی سے محروم کر دیا ہے جو بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ آرٹیکل کی منسوخی بھارتی حکومت کی بہیمانہ اور متعصبانہ پالیسیوں کی عکاسی ہے ۔
 راجہ پرویز اشرف

ای پیپر دی نیشن