کوئٹہ: پی ایس ایل کا نمائشی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں کوئٹہ نے کامیابی اپنے نام کی۔
کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا نمائشی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز اسکور کیے۔ابتدا میں کوئٹہ کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی تھی. لیکن پھر افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے بڑا ہدف دینے میں مدد کی۔افتخار احمد نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی جارحانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ انہوں نے 19 ویں اوور میں وہاب ریاض کو 6 گیندوں پر 6 چھکے بھی مارے۔
علاوہ ازیں خوشدل شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ احسان علی 5، عمر اکمل صفر، کپتان سرفراز احمد 4 اور عبدالواحد بنگلزئی 28 رنز بناکر پویلین لوٹے۔پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، اسامہ میر اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے محمد حارث اور کپتان بابر اعظم نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم بابر اعظم 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
علاوہ ازیں شاہد آفریدی 25، اعظم خان 6، صائم ایوب 19 اور عامر جمال ایک رنز بناسکے جب کہ وکٹ کیپر و بیٹر محمد حارث نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اور افتخار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔