لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے استفسار کیا ہے کہ رانا ثنا اللہ اور بھارتی وزیرداخلہ میں کیا فرق ہے؟انہوں نے کہا جیسے بھارت میں مودی کی زبردستی حکومت ہے. کشمیر پر ہندوستان نے غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے. اسی طرح پاکستان میں ان کی حکومت ہے. چوں چوں کا مربہ اکٹھا کر کے پاکستان پر زبردستی کی سرکار مسلط کی گئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ مشرف نے صحیح پہچانا تھا. نواز شریف اور زرداری کے ہوتے ہوئے آئین پر عمل نہیں ہو سکتا. گزشتہ 9 ماہ سے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، مشرف نے 1999 میں نواز شریف کو نکال کر پاکستان پر احسان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ،شہباز شریف اور زرداری کو پاکستان سے کوئی دلچسپی نہیں. نواز شریف اور زرداری کو باہر نکالنے کیلئے جو بھی کام ہو وہ جائز ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہی کیا جا رہا ہے. رات کے اندھیروں میں یہ گھروں میں گھستے ہیں۔