لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، کراچی شدید متاثر، 2 افراد جاں بحق

Feb 05, 2024

لاہور+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی، بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر حصوں اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ ان علاقوں میں بجلی کا سسٹم بھی شدید متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاوہ پنجاب کے مختلف علاقوں گوجرہ، جھنگ، پنڈی بھٹیاں، شرقپور، شیخوپورہ، صفدر آباد، مریدکے، پھولنگر، قصور، کاہنہ اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہونے والی موسلادھار بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی ہوگیا، کئی سڑکیں ڈوب گئیں۔ ملیر، ناظم آباد، نارتھ کراچی، گلشن معمار اور کورنگی سمیت کئی علاقوں میں بادل جم کر برسے۔ موسم کی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کر دیا گیا۔ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ بلدیہ ٹائون، گلشن معمار، بحریہ ٹائون، نارتھ ناظم آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، عائشہ منزل، گلشن حدید اور ناظم آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے بعد جناح ہسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ اندھیرے سے مریضوں اور طبی عملے کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شہر کے مختلف علاقے بجلی بندش کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے۔ ادھر ایئر پورٹ کے انٹرنیشنل بورڈنگ میں سیلنگ سے پانی ٹپکنے لگا۔ کشمیر روڈ پر پارک کی دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔ لائنز ایریا میں کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ سائٹ بی تھانے کے علاقے بلدیہ ٹائون نمبر 2 کے نالے سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی ڈوبی ہوئی نعش ملی۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبے بھر میں شدید بارش کے پیش نظر افسران کو ہدایت جاری کر دیں۔ جبکہ انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ٹیلیفون کر کے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔ کراچی سے آئی این پی کے مطابق شدید بارش کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہو گیا۔ اتوار کو بیس پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد تا گلگت 4 پروازیں پی کے601، 602، 605  اور606  منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ کراچی تا اسلام آباد بھی4 پروازیں پی کے 300، 301، 308  اور 369  منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پی آئی اے کی اسلام آباد تا سکھر 2  پروازیں پی کے631  اور 632 جبکہ دبئی سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے211  اور212  بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پی آئی اے کی کوئٹہ سے اسلام آباد کے درمیان پرواز پی کے325  اور326 جبکہ لاہور سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 322  اور323  بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پی آئی اے کی جدہ سے لاہور کی پرواز پی کے940  ملتان منتقل کر دی گئی جبکہ طیاروں کی عدم دستیابی کے باعث آج پی آئی اے کی16 پروازیں آپریٹ نہیں ہو سکیں گی۔ علاوہ ازیں نجی ایئر کی دبئی تا اسلام آباد پروازیں پی اے 210  اور 211  اور غیر ملکی ایئر لائن کی دوحہ سے ملتان کی دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں