یمن حوثیوں کے 36 ٹھکانوں پر بمباری، متعدد شہری جاں بحق

Feb 05, 2024

صنعا+ برسلز (نوائے وقت رپورٹ) عراق اور شام کے بعد امریکی و برطانوی افواج نے یمن پر نئے فضائی حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ امریکہ اور برطانیہ نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ یمن میں فضائی حملوں کے دوران حوثی ملیشیا کے 36 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، حملوں میں حوثی میزائل سسٹم ، لانچرز اور ہتھیاروں کے ذخائر کو تباہ کیا گیا۔ حوثی فوج نے حملوں کیخلاف سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر امریکی اور برطانوی حملوں کا جواب بڑا دردناک ہوگا۔ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیلی مدد کوآنے والے جہازوں پر حملے مزید تیز کرنے کا اعلان کردیا۔ حوثی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ خطے میں صیہونی اجارہ داری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اس کیلئے جتنی بھی قربانیاں دینی پڑیں، اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عراق، شام میں امریکی بمباری سے ہلاکتیں 40 ہوگئیں۔ عراقی سکیورٹی حکام نے پاسداران انقلاب کے سولہ جنگجوؤں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ عراق نے امریکی ناظم الامور کو طلب کر کے حملے امن و سلامتی کے خلاف قرار دیئے۔ شام نے بھی امریکہ سے احتجاج کیا ہے۔ سربراہ یورپی یونین خارجہ پالیسی جوزف بوریل نے امریکی حملوں کے نتائج پر تشویش ظاہر کرتے مغربی ایشیا میں کشیدہ حالات سے خبردار کیا ہے۔ اردن کی مسلح افواج کے ترجمان نے امریکی میڈیا کے امریکی بمباری میں اردن کے کچھ علاقے نشانہ بننے کا دعویٰ مسترد کر دیا ہے۔

مزیدخبریں