خوشحالی کی ضمانت نواز شریف‘ ترقی کا سفر دوبارہ آگے بڑھائیں گے: عارف سندھیلہ

  شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی)  پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ (ن) لیگ عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کی بھرپور خدمت کی ہے، اور8 فروری کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) واضح برتری حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔ 2017 میں  پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن تھا۔ ایک سازش کے تحت نواز شریف کو اقتدار سے الگ کردیا گیا جس کے بعد ملکی مسائل میں شدید اضافہ ہوا اور معیشت تباہ ہوئی۔ اب الیکشن کے بعد نواز شریف دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوکر اسی جگہ سے دوبارہ ترقی کا سفر آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار سالہ دور حکومت میں ملک کا بیڑا غرق کیا۔ اگر پی ڈی ایم حکومت نہ سنبھالتی تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا۔ میاں شہباز شریف کی حکومت نے سخت فیصلے کیے لیکن اللہ کے فضل سے دیوالیہ ہونے سے ملک کو بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف خوشحالی کی ضمانت ہے، جلد ملک میں پھر سے خوشحالی کے دور کی واپسی ہو گی۔ عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان مسلم لیگ (ن) ہے۔ نواز شریف ہی اقتدار میں آکر عوام کو مسائل کے چنگل سے نجات دلوائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن