اسلام آباد+ لاہور (نامہ نگار+ خبرنگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں شہلا رضا، علی بدر، بیرسٹر عامر اور سحر کامران نے کہا ہے کہ این اے 127میں عطا تارڑ کو شکست دیوار پر لکھی نظر آرہی ہے۔ پریس کانفرنس انتہائی تکلیف کے عالم میں کر رہے ہیں۔ ہم یہ سمجھ رہے تھے کہ (ن) لیگ نے بہت کچھ سیکھا ہے اور 90 کی دہائی سے باہر نکل آئے ہیں۔ (ن) لیگ کو پی ٹی آئی کی زبان سے تکلیف ہوتی تھی، عطا تارڑ پارلیمنٹ میں گندے اشارے کرنے کیلئے مشہور ہیں۔ عطاء تارڑ شکست آپ کا مقدر ہے۔ سندھ میں کوئی آپ کا امیدوار نہیں ہے، آج سے ہم تیار ہیں۔ اب آپ کو جواب دیا جائے گا۔ آپ اب ہمارے دفتر آکر دکھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شہلا رضا نے کہاکہ عطاء تارڑ کس قانون کے تحت ہمارے دفتر میں داخل ہوئے، ہماری غیر موجودگی میں ایک منصوبہ بندی کے تحت میاں مصباح کے دفتر میں گھسے۔ ہمارے دفتر سے 3 کارکنوں کو اغوا کیا گیا، ہمارے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، ہمارے بینرز اتارے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمشن کو اس حملے کا نوٹس لینا چاہئے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی بدر اور عثمان ملک نے فیروز پور روڈ پر پی پی 160کے انتخابی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز ٹولے کی کوشش ہے کہ این اے127میں الیکشن نہ ہو۔ وہ عوامی پذیرائی سے محرومی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ نواز شریف ٹولا سارے اداروں کو اپنا تابعدار بنانا چاہتے ہیں۔ خبردار کرتے ہیں کہ فوری ایف آئی آر درج کی جائے اگر ایف آئی آر اگلے چند گھنٹے میں درج نہ ہوئی تو لاہور سمیت ہر جگہ احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ انچارج سنٹرل الیکشن سیل پیپلز پارٹی سینیٹر تاج حیدر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 میں انتخابی دفتر پر حملے میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اور اس کے حامیوں کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کرنے پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔ اپنے خط میں سینیٹر تاج حیدر نے لکھا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی جانب سے سنگین جرم کے 20 گھنٹے گزرنے کے باوجود اور ہمارے مسلسل مطالبے کے بعد بھی پنجاب پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اور ہمارے الیکشن پر حملہ کرنے والے مسلح غنڈوں کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی۔ حملہ آور دفتر میں گن پوائنٹ پر داخل ہوئے، ڈکیتی کی واردات کی جسے میڈیا پر فخر سے دکھایا جا رہا ہے، ہمارے کارکنوں اور پورے محلے میں خوف و ہراس پھیلایا اور ہمارے 3 کارکنوں کو اغوا کر لیا جس کا انہوں نے ایک بار پھر میڈیا پر فخر سے اعلان کیا ہے۔