لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے ہینڈ لوم سیکٹر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہینڈ لوم پر دیگر مصنوعات کی تیاری کے تناظر میں بھی منصوبہ بندی کر نے کی ضرورت ہے۔ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تیار کی گئی جدید ہینڈ لوم پر قالین کے علاوہ کئی طرح کی مصنوعات تیارکی جا سکتی ہیں اور ہمار احریف ہمسایہ ملک کامیابی سے مقامی مارکیٹوں میں سپلائی کے ساتھ عالمی سطح پر برآمدات بھی کر رہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرنیوالے ایک وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اعجاز الرحمان نے وفد کو انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہینڈلوم سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان کی ہاتھ سے بنی مصنوعات بے پناہ شہرت رکھتی ہیں لیکن مقامی مارکیٹوں اور عالمی منڈیوں میں یہ اس تعداد میں دستیاب نہیں تاہم کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور اس کی تیاری کی گئی جدید ہینڈ لوم اس حوالے سے انتہائی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے وفد کو انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تیار کی گئی جدید ہینڈ لوم سے آگاہ کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ مختلف برانڈز کو تجرباتی بنیادوں پر جوائنٹ ونچر کرناچاہیے اور یقینی کامیابی سے نہ صرف مقامی مارکیٹوں میں مصنوعات کو فروغ ملے گا بلکہ انہیں برآمدی انڈسٹری کی طرز پر بھی ترقی دی جا سکتی ہے۔
ہینڈ لوم کی تیاری تناظر میں بھی منصوبہ بندی کر نے کی ضرورت ہے:اعجاز الرحمان
Feb 05, 2024