لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امیدوار این اے 124 محمد جاوید قصوری نے چونگی امرسدھو ملت کالونی اور ٹی آئی پی کالونی ڈیفنس روڑ پر کانر میٹنگ سے کہا جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، ہم اسمبلیوں میں اللہ تعالیٰ کے دین کا دروازہ کھولنا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان سے واحد جماعت ہے جس میں موروثیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون میں کوئی شخص نواز شریف، شہباز شریف یا بلاول زرداری کی جگہ پارٹی کا صدر نہیں بن سکتا۔ وزیر اعظم کا امید وار نہیں ہو سکتا۔ یہ شرف صرف جماعت اسلامی کو حاصل ہے۔ اس موقع پر خلیق عمر، تنویر احمد مرزا، قاسم رفیق، طاہر محمود، رانا تنویر احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ جاوید قصوری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی کے وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ دار اپنے دولت کے بل بوتے پر اسمبلیوں میں آجاتے ہیں پھر یہی لوگ لوٹ مار کرتے ہیں، خود بھی کھاتے ہیں اور اپنی پارٹیوں میں بیٹھے کلیدی عہدوں تک بھی پہنچاتے ہیں۔ یہ سیاسی کلچر پروان چڑھ گیا ہے جس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔