لاہور( خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ’’یومِ یکجہتی کشمیر‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کلمہ اسلام کے رشتے کی بنیاد پر کشمیریوں کا عملی طور پر ساتھ دینا ضروری ہے۔ کشمیریوں کے جذبہ حریت اور شوقِ شہادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیر کی آزادی میں ایک بہت بڑی رکاوٹ مسلم حکمرانوں کی بے حسی ہے۔ بھارتی مظالم سے جنت نظیر مقبوضہ وادی ٹارچر سیلوں،گمنام قبروں اور شہداء کے مدفن کی سرزمین بن چکی ہے۔ کشمیریوں کے جذبہ حریت نے بھارت پر لرزہ طاری کر دیا ہے۔ کشمیر کے مطلع پر شہداء کشمیر کی سرخی آزادی کے سورج کے طلوع ہونے کی خبر دے رہی ہے۔ کشمیری حریت پسندوں کی جدو جہد سے پورے بھارت میں ایک بیداری آ چکی ہے۔ کشمیریوں نے اپنے نعرہ ’’کشمیر بزور شمشیر‘‘ کے راستے میں ہزاروں جانیں قربان کی ہیں۔ کشمیر ہرگز کسی ملاقات، یاداشت، مذاکرات اور قرارداد سے نہیں، کشمیر جہاد سے آزاد ہوگا۔ بھارت کشمیر میں وہی داستان ظلم رقم کر رہا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں کی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی جائیدادیں ہتھیا کر وہاں ہندوؤں کو آباد کر رہا ہے۔ بھارت کے ہاتھ سے اپنی شہ رگ چھڑانے کیلئے پاکستان کو فوری دلیرانہ فیصلہ کرنا ہوگا۔ مودی مائنڈ سیٹ کی جارحیت کے مقابلے امن کی تجویز خودکشی کے مترادف ہے۔ بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگنا قومی وقار کے خلاف ہے۔