آئی پی ایچ میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے مزید 2 نئے کورسز کا آغاز

 لاہور(نیوز رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے مزید 2 نئے کورسز رواں سال سے شروع کردیئے گئے ہیں۔ ڈسپنسر اور ڈینٹل ٹیکنیشن کے کورسز 2 سال پر محیط ہوں گے۔ اس بات کا اعلان ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کے ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے اراکین ڈاکٹر ارشد اقبال، ڈاکٹر تنویر بھروانہ، ڈاکٹر شاہد محمود، ڈاکٹر صباء سلیم، ڈاکٹر رابعہ اسلام، ڈاکٹر زھراء فیاض، فاطمہ سید، ڈاکٹر محسن رانجھا، ڈاکٹر ہدا سرور، ڈاکٹر عزیر مختار اور فیصل مشتاق نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ڈین ڈاکٹر زرفشاں نے بتایا کہ اکیڈمک کونسل نے دونوں کورسز کیلئے سالانہ بنیاد پر فیسوں کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی۔ ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا کہنا تھا کہ چونکہ ڈسپنسر کا کورس ایف ایس سی کے برابر ہے اس لئے ڈسپنسر کے کورس کی فیس 25200 روپے سالانہ رکھی گئی ہے جس میں داخلہ فیس، ٹیوشن فیس، سٹوڈنٹ ویلفیئر فنڈ، لائبریری سکیورٹی (3000 ہزار قابل واپسی) اور لائبریری فیس شامل ہے۔

ای پیپر دی نیشن