لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرا ہتمام نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے پنجاب سٹیڈیم میں رستم پنجاب دنگل کے ٹائٹل مقابلے میں ملتان کے سانول جھکڑ نے ساہیوال کے اویس ٹائرانوالہ کوکاٹنے دار مقابلے کے بعد شکست دے کر رستم پنجاب کا ٹائٹل جیت لیا،مقابلے کی کشتی 34منٹ تک جاری رہی جبکہ شیر پنجاب دنگل میں شہزاد پچار پہلوان نے عدنان ٹائرانوالہ کو شکست دی ۔ رستم پنجاب دنگل کے فاتح سانول جھکڑ کو ساڑھے تین لاکھ روپے جبکہ رنر اپ کو اڑھائی لاکھ روپے کے انعامات دئیے گئے۔شیر پنجاب دنگل کے ونر اور رنراپ کو ایک،ایک لاکھ روپے کے انعامات دیئے گئے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل رستم پنجاب دنگل کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے مقابلے دیکھے اور پہلوانوں میں 26لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب روایتی کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، رستم پنجاب اور شیر پنجاب دنگل اب ہرسال4 فروری کو کرایا جائیگا، اس کو سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں باقاعدہ شامل کیا گیا ہے، اس سال رستم پنجاب دنگل کی انعامی رقم 26لاکھ روپے ہے، جیتنے والے پہلوانوں کو اگلے سال10لاکھ روپے اور رنر اپ کو 5لاکھ روپے ملیں گے۔ سپورٹس کا فروغ ہمارا مشن ہے جس کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔