لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے لاہور پولیس سرگرم عمل ہے۔نقص امن کا سبب بننے والے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ماہ جنوری کی کارکردگی کے اعدادوشمار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے گزشتہ ماہ ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث 206گینگز کے 456 ملزمان گرفتار کئے۔ملزمان سے 1365مقدمات ٹریس کئے گئے۔دوران تفتیش ملزمان نے مزید 599وارداتیں کرنے کا بھی انکشاف کیا۔ملزمان کے قبضہ سے 11کروڑ 70لاکھ روپے سے زائد مالیت کا لوٹا ہوامال برآمد کیاہے۔ 4کاریں،418 موٹر سائیکلیں، 26رکشے، موبائل فونز،لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان شامل ہے۔اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 1070ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ قبضہ سے 25کلاشنکوف، 96رائفلز، 43بندوقیں، 877 پسٹلز اور7913 گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران 973 منشیات فروشوں کوحراست میں لے کر 10 کلو521 گرام ہیروئن،569کلو گرام سے زائد چرس،7کلو 695 گرام آئس اور7118لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح کسی بھی غیر قانونی اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی اطلاع فوری ایمرجنسی 15پر دیں۔