نوشہرہ ( نوائے وقت رپورٹ ٰ) نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار داؤد خٹک تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے امیدوار عمران خٹک اور پی کے87 کے امیدوار پرویز خٹک کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ این اے 34 اور پی کے87 سے پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار سابق ضلعی ناظم داؤد خٹک، پرویز خٹک اور ان کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ نوشہرہ میں جلسے سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ اصل تماشہ انتخابات کے بعد ہوگا، 25 سے 30 تحریک انصاف کے حمایتی امیدوار میرے ساتھ رابطے میں ہیں، صوبے میں حکومت بنانیکے لیے اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پرکروں گا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری تجویز ہے پرامن انتخابات کے لیے تمام سکیورٹی اداروں کو محنت کرنی چاہیے، الیکشن کے لیے تیاری مکمل ہے کسی کو دھاندلی کرنے نہیں دیں گے۔پرویز خٹک نے کہا کہ عدلیہ نے کسی کے دباؤ میں نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق کیئے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پرجرم ثابت ہوگیا ہے جس کی سزا ان کو بھگتنی ہوں گی۔