اسلام آباد+لاہور( وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ) الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی ہدایات پراین اے 127 سے ن لیگی امیدوار عطا تارڑ اور پیپلز پارٹی کے پی پی 160 سے امیدوار میاں مصباح الرحمان کو نوٹسز جاری کیے۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مابین مبینہ ووٹوں کی خرید وفروخت اور الیکشن دفتر پر حملے کے تناظر میں نوٹسزجاری کئے گئے، دونوں امیدوار 5فروری کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ طلب۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لئے 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کر لیا۔ ملک بھر میں 2 لاکھ 76ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے جا رہے ہیں، ہر پولنگ بوتھ کے لئے ایک بیلٹ باکس قومی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ ہوں گے۔ ملک بھرمیں 5 لاکھ 52 ہزار بیلٹ باکس استعمال ہوں گے جبکہ ڈیڑھ لاکھ ریزرو ہوں گے، بیلٹ باکس بھرجانے پر دوسرا بیلٹ باکس فراہم کیا جائے گا۔ دو پولنگ بوتھ پر 5 بیلٹ باکس فراہم کیے جائیں گے جن میں ایک اضافی ریزرو باکس ہوگا، ہر بیلٹ باکس پر الیکشن کمیشن کا لوگو پرنٹ ہوگا۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 2018 میں 146.48 ملین روپے کے ضرورت سے زائد بیلٹ باکس خریدے گئے، اْس وقت 87 ہزار 77 بیلٹ باکس کی کمی تھی مگر 2 لاکھ 2ہزار 239 بیلٹ باکس خرید لئے گئے۔ الیکشن کمشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد امیدواروں کو وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے صوبہ پنجاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کا نوٹس لے کر متعدد امیدواروں کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ این اے 155 لودھراں سے امیدوار جہانگیر ترین کو حلقے میں ترقیاتی کام کروانے پر نوٹس جاری کیا گیا، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اوکاڑہ نے پی پی 188 سے امیدوار ملک غضنفر کو اسلحے کی نمائش پر نوٹس جاری کیا۔ اسی طرح پی پی 208 خانیوال سے امیدوار محمد طیب کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد پر وارننگ جاری کی گئی، خانیوال کے مختلف حلقوں کے 4 امیدواروں کوبھی نوٹسز جاری کئے گئے۔ ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ پی پی 232 وہاڑی کے امیدوار علی وقاص ہنجرا، این اے 160بہاولنگر کے سید محمد اصغر، پی پی 238 کے انعام باری لالیکا سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے جبکہ بہاولپور کے مختلف حلقوں کے 9امیدواروں کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے گئے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کا مربوط نظام بھرپور طریقے سے فعال ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 3 حلقوں میں انتخابات روکنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق تینوں حلقوں میں انتخابات الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے روکے گئے ہیں۔جن تین حلقوں میں انتخابات روکے گئے ہیں، ان میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 8باجوڑ، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 22باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق تینوں حلقوں میں انتخابات کا شیڈول بعد میں جاری ہوگا۔ اس سلسلے میں تینوں حلقوں میں امیدوار دوبارہ کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ لاہور کے حلقے این اے 127 میں پیپلز پارٹی کے دفتر پر عطا تارڑ کے حملے کے معاملے پرسیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ڈی آئی جی پولیس آپریشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو جمع کرائی گئی رپورٹ کا الیکشن کمیشن نے جائزہ لیا، الیکشن کمیشن نے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرکے الیکشن کمیشن کو مطع کیا جائے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8فروری 2024ئکے عام انتخابات کے لئے ملک کے تمام859انتخابی حلقوں کے لئے 26کروڑ بیلٹ پیپر ز کی چھپائی کا کام تینوں سرکاری پریس اداروں میں مکمل کر لیا ہے۔ پورے ملک میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔ تاہم 2024ء کے عام انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیںاور ان کی چھپائی پر 2,170ٹن کاغذ استعمال ہو ا ہے ۔ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی تعداد 2018ء کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو گنا زیادہ ہے۔