لاہور+اسلام آباد (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) پنجاب پولیس نے الیکشن 2024ء کے پرامن انعقاد اور پولنگ سٹیشنز کی مانیٹرنگ سے متعلق اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیف سٹیز اتھارٹی، پی آئی ٹی بی اور این آر ٹی سی میں معاہدہ طے پایا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی موجودگی میں تینوں اداروں کے نمائندگان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق جنرل الیکشن کی مانیٹرنگ کے لئے 29 ہزار کیمرے خریدے جائیں گے۔ کیمروں کی خریداری پر کل ایک ارب 35 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے بعد خریدے گئے کیمرے حکومت پنجاب کی ملکیت ہوں گے۔ نئے کیمرے جدید اور نائٹ ویژن ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے۔ جو الیکشن کی مانیٹرنگ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں مددگار ہوں گے۔ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے انتخابی عمل کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔
پنجاب: الیکشن کی مانیٹرنگ کیلئے 29 ہزار کیمرے خریدنے کا معاہدہ طے
Feb 05, 2024