مقبوضہ کشمیر: عوام ناانصافی، بھارتی سامراج کے تسلط میںجہنم جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں: حریت کانفرنس

سری نگر(کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے بھارت کے غیرقانونی اورجبری قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جائزاورمقامی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام ناانصافی اور بھارتی سامراج کے تسلط کے تحت جہنم جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 10لاکھ سے زائد فوجیوںکے ذریعے بدترین قسم کی سیاسی ناانصافی اور مظالم ان لوگوں کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں جو اسے انسانیت کی آنکھ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانا قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کی حمایت کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے دیرینہ تنازعے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے اپنا مخلصانہ اور درست کردار ادا کر رہا ہے۔حریت چیئرمین نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے تنازعے کو حق خودارادیت کے جمہوری اور پرامن طریقے سے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دی گئی ہے۔مسرت عالم بٹ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کشمیر کاز کی مخلصانہ حمایت پر پاکستان کے بے حد مشکور ہیں۔

ای پیپر دی نیشن