اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں علماءومشائخ مشاورتی اجلاس بسلسلہ یکجہتی کشمیر منعقد کیا گیا، صدارت پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے صدر اور حلقہ این اے 46 سے نامزد امیدوار چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے کی۔اجلاس میں پیر عظمت سلطان،مولانا محمد نذیر فاروقی،سید وزیر کاظمی،حافظ عبدالکبیر،ڈاکٹر پیر عالم شیر خان ،مولانا عبدالستار،ساجد محمود چشتی،مفتی عبدالباسط جواد ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں شریک علماءاکرام اور مشائخ نے مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کراچی کمپنی جی نائن میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر چوہدری شفیق الرحمان ودیگر کا کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ یوم یکجہتی کشمیر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بھرپور انداز سے منائے گی،اسلام آباد میں پانچ فروری کامرکزی پروگرام جی نائن کراچی کمپنی میں سہ پہر چار بجے منعقد ہوگا ۔