لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈبل سٹوری انڈر پاس بنیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن کے قریب اپنی نوعیت کے پہلے منفرد میگا پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور میگا پراجیکٹ کا نام رستم زماں دی گریٹ گاما کراسنگ رکھنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ڈبل سٹوری انڈرپاس پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا انڈر پاس ہوگا۔ قومی ہیرو ورلڈ چیمپئن گاما پہلوان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔ لیول ون پرانڈر پاس برکت مارکیٹ سے کینال روڈ کی طرف جائے گا۔ یہ انڈر پاس 700میٹر طویل ہوگا، لیول ٹو انڈرپاس 1.4کلومیٹر طویل ہوگا۔ لیول ٹو انڈر پاس جناح ہسپتال سے برکت مارکیٹ کی طر ف جائے گا۔ بھیکے وال موڑ پر ایک یوٹرن اور کینال روڈ پر بھی ایک یو ٹرن بنایا جائے گا۔ محسن نقوی نے لاہور گجر کالونی میں پاکستان کے سب سے بڑے بائیو گیس پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے نقاب کشائی کے بعد افتتاحی تختی پر دستخط ثبت کئے اور تاریخ بھی لکھی۔ لاہور کی گجر کالونی میں قائم بائیو گیس پلانٹ سے روزانہ 6000 مکعب میٹر گیس بن سکے گی۔ بائیو گیس پلانٹ میں روزانہ 1600کلو گوبر استعمال ہوگا۔ گجر پورہ بائیو گیس پلانٹ سے روزانہ 16ہزار کلو نامیاتی کھاد پیدا ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عام انتخابات کے پرامن و شفاف انعقاد کے لئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے اور 5 اور 6فروری تک بیلٹ پیپرز اور متعلقہ سامان کی ترسیل یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ پولنگ سٹیشنز پر کیمرو ں کی تنصیب کا عمل 6فروری سے قبل مکمل کیا جائے اور پولنگ سٹیشنز پر بجلی اور انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ضروری انتظامات کیے جائیں۔ محسن نقوی نے محکمہ تعلقات عامہ کا دورہ کیا اور ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی جی پی آر کے مختلف سیکشن کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال سمیت 3ہسپتالوں، بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر،سمندری موٹروے کیرج وے سمیت سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کے 6پراجیکٹس کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے الائیڈ ہسپتال ٹو (ڈی ایچ کیو)کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ، نصرت فتح علی خان ہسپتال اور اسی ہسپتال میں پیرا پلیجک سنٹر‘ ایم تھری موٹر وے سمندری انٹر چینج سے سمندری شہر تک 2رویہ کیرج وے روڈ، سمندری سے گوجرہ تک سڑک کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹ، چنیوٹ روڈ تا ساہیانوالا انٹرچینج تا سمندری شہر تک سڑک کی بحالی اورتوسیع کے منصوبے، ضلع جھنگ میں یو بی ایل چوک تا سٹیشن چوک تا ایوب چوک اورشہرکی اندرونی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے پراجیکٹس کے افتتاح کئے۔