اسلام آباد (مانیٹرنگ نیوز/ ریڈیو مانیٹرنگ) وزیراعظم گیلانی نے ہر قسم کے اسلحہ لائسنس کے اجراءپر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملک بھر میں یکم جنوری سے ہر قسم کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے پر پابندی لگائی ہے۔ یہ پابندی دو ماہ تک جاری رہے گی۔ آن لائن کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ دو ماہ کی پابندی پہلے سے موجود بہت زیادہ تعداد میں اسلحہ لائسنسوں کی درخواستوں کو نمٹانے کے لئے لگائی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت داخلہ نے ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کے اجرا کا اختیار نادرا کو دینے اور غیرممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کے کمپیوٹرائزڈ اور آسان اجراءکیلئے نادرا حکام سے بات چیت کی جا رہی ہے۔