طائف (ممتاز احمد بڈانی) پاکستان کے موجودہ حالات پر کسی کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔ مٹھی بھر دہشت گرد ہمارے ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ ہماری عسکری طاقت عوام کے تعاون سے اُن کا صفایا کر دے گی۔ یہ بات سفیر پاکستان عمر علی خان شیرزئی نے سعودی عرب کے شہر طائف میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر اور جرا¿ت مند فوج پر فخر ہے۔ جنہوں نے اتنے تھوڑے عرصے میں 90 فیصد دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا واحد مخلص دوست ہے۔ جس نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔ تمام پاکستانی سعودی عرب کے قوانین کی پابندی کریں اور یہاں سیاست چمکانے سے گریز کریں۔ جو غیر قانونی دھندے یا سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔ وہ اپنا ذمہ دار خود ہو گا۔ سفیر پاکستان عمر علی خان شیرزئی نے اس موقع پر حاضرین کے مسائل بھی سُنے اور ان کے حل کے لئے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایات بھی کیں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے دعویٰ کیا کہ کوئی بھی سفارت کار پاکستانی کمیونٹی سے رشوت طلب کرے تو مجھے اطلاع کریں۔ میں اس اہلکار کو یہاں سے واپس بھیج دوں گا۔ دیگر بعد ازاں سفیر پاکستان نے پاکستانی انٹرنیشنل بوائز و گرلز سکول کا دورہ کیا۔ جہاں پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا طالبات نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ اسی دوران اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ٹیوشن مافیا کے سخت خلاف ہوں۔ تمام اساتذہ دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ اساتذہ کے جائز مطالبات ضرور پورے کئے جائیں گے۔ اساتذہ کرام کے تنخواہوں میں بھی اضافہ کر دیا جائے گا۔ سفیر پاکستان نے گرلز سیکشن کی لائبریری اور لیبارٹری کے اچھے انتظامات کو دیکھتے ہوئے پرنسپل صاحبہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔