لاہور (خبر نگار خصوصی) قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے گورنر سلمان تاثیر کے قتل پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا قتل کی تحقیقات اسلام آباد ہائیکورٹ کے ذریعے کرائی جائے۔ نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کی جڑیں کاٹنا ہوں گی جبکہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت سکیورٹی کے حوالے سے بھی اہم اجلاس ہوا جس میں امان و امان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کی خبر نوازشریف اور شہباز شریف کو پریس کانفرنس کے دوران دی گئی خبر سنتے ہی شہباز شریف کے چہرے سے پریشانی کے آثار نمایاں نظر آنے لگے۔ چودھری نثار نے چٹ پر لکھ کر گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کی اطلاع شہباز شریف اور نوازشریف کو دی جس پر فوری طور پر پریس کانفرنس ختم کرتے ہوئے گورنر پنجاب کے قتل پر انہوں نے اظہار افسوس کیا۔ وزیر اعلیٰ نے عدالتی تحقیقات کے حوالہ سے وفاقی حکومت کو مکتوب بھجوایا ہے کہ وہ اس تحقیقات کا بندوبست کرے۔ گذشتہ رات نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کسی سانحہ سے کم نہیں البتہ میں سمجھتا ہوں کہ تشدد کا یہ رجحان ملک و قوم کے لئے خطرناک اور حکومتوں کا امتحان ہے اس رجحان کے سدباب کے لئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پولی کلینک ہسپتال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کے قتل کے المناک واقعہ پر مجھے دلی صدمہ ہوا ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے وہاں موجود پی پی کے وزراءاور ارکان سے بھی اظہار افسوس کیا۔