لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وفد کے ارکان کے درمیان بلوچستان کے مسئلے کے حل کے لئے مختلف تجاویز پر کھل کر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ بلوچ وفد کے بعض ارکان نے "انقلاب " کے نام نہاد دعویداروں پر کڑی تنقید کی اور اُسے عام انتخابات التوا ءمیں ڈالنے کی سازش قرار دیا۔ بلوچ وفد نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے عوام دوست اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور محمد نوازشریف نے ہمیشہ اپنائیت کا احساس دلایا ہے۔ آپ دونوں بھائی بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کے لئے مناسب ترین شخصیات ہیں۔ جنرل (ر) محمد فاروق نے کہاکہ پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے لئے بڑی قربانی دی۔ سردار ناصر بزنجو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بہت بڑی سیاسی قوت ہے۔ اُمید ہے کہ بلوچستان کے حوالے سے نواز شریف اور شہبازشریف اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ بی این پی کے قائم مقام صدر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ مذاق کیا جا رہاہے، ہمارا اعتماد ختم ہوچکا ہے اور اب امپورٹڈ لوگ لاکر مسائل پےدا کئے جا رہے ہےں۔ مجھے یقین ہے آپ ضرور برسر اقتدار آئیں گے اور بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔ہماری خواہش ہے کہ پنجاب کے لوگ آپ کو بلوچستان بھجوا دیں تاکہ وہاں پر بھی مسائل حل ہوسکیں، ہم صوبہ پنجاب کے عوام کے شکرگزار ہوں گے جس پر وزیراعلیٰ نے مسکراتے ہوئے کہاکہ آپ پہلے پنجاب کے لوگوں سے تو پوچھ لیں؟ ۔
” پنجاب کے لوگ شہبازشریف کو بلوچستان بھجوا دیں ان کے شکرگزار ہونگے“بلوچ وفد کا خراج تحسین
Jan 05, 2013