ملالہ یوسف زئی برمنگھم کے ہسپتال سے ڈسچارج، مزید علاج گھر پر ہو گا

برمنگھم + اقوام متحدہ (نوائے وقت نیوز + نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) ملالہ یوسف زئی کو برمنگھم کے کوئن الزبتھ ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، برطانوی میڈیا کے مطابق ملالہ یوسف زئی کا مزید علاج گھر پر ہو گا جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں جنوری کے آخر یا فروری کے شروع میں سر کی سرجری کے لئے دوبارہ ہسپتال میں داخل کیا جائے گا۔ ملالہ یوسف زئی 9 اکتوبر 2012ءکو سوات کے علاقے مینگورہ میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں، حملے میں ان کی 2 ساتھی طالبات بھی زخمی ہوئی تھیں۔ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ملالہ کا باقی علاج گھر پر ہو گا جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ سرجری کے لئے دوبارہ ہسپتال داخل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملالہ یوسف زئی کی حالت اب کافی بہتر ہے اور وہ چل پھر رہی ہیں۔ ایک برطانوی اخبار کے مطابق ملالہ کی صحت یابی میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ملالہ یوسف زئی کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ ملالہ بہت جلد صحت یاب ہو جائے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن