اسلام آباد (جاوید صدیق) سابق سیکرٹری خارجہ اور بھارت کے ساتھ ٹریک ٹو مذاکرات کیلئے حکومت کے خصوصی نمائندہ شہریار خان نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا شہریار خان نئی دہلی میں کرکٹ کے موضوع پر اپنی کتاب کی رونمائی کی تقریب منعقد کرینگے جہاں بھارتی سفارتکار، کھلاڑی اور دوسری شخصیات مدعو ہونگی۔ معتبر ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ شہریار خان نئی دہلی میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاموش سفارتکاری کے ذریعے پاکستان، بھارت مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے کی بھی سعی کرینگے۔ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی طرف سے اگلے چار ماہ میں پاکستان کا دورہ کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان بھارت مذاکرات کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور ہوجائینگی۔ توقع ہے کہ شہریار خان بھارتی حکومت کے بعض اہم عہدیداروں سے ملاقات بھی کرینگے۔ دریں اثناء آن لائن کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر، سرکریک اور سیاچن کے مسائل پر بھارت کے ساتھ بیک چینل مذاکرات جاری ہیں۔ ان مسائل پر پیشرفت بھارت میں انتخابات کے بعد متوقع ہے۔ باہمی تعلقات میں کشیدگی سے بچنے کیلئے لائن آف کنٹرول پر امن اور مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے اگر آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کی تو ہم انکا خیرمقدم کریں گے، پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ ہفتے کو ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جائے اور بھارت میں مقتدر حلقے بھی یہی چاہتے ہیں تاہم بھارت میں انتخابات کی وجہ سے بڑے مسائل پر باہمی مذاکرات میں تعطل ہے لیکن تجارت، توانائی اور ویزے کے معاملوں پر مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں جب بھارت انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، اس وقت باہمی تعلقات میں کسی بھی طرح کی کشیدگی سے بچنے کیلئے لائن آف کنٹرول پر امن اور مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے۔
بھارت سے کشمیر‘ سرکریک‘ سیاچن پر بیک چینل مذاکرات جاری ہیں‘ سرتاج عزیز: شہر یار نئی دہلی پہنچ گئے
Jan 05, 2014