لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد رک گیا، اب پہلا شیڈول منسوخ کرکے نیا شیڈول جاری کرنا پڑے گا۔ فیصل آباد میں فرانسیسی حکومت کے تعاون سے پانچ ارب روپے کے فراہمی آب کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کمیشن کا آئینی اختیار ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کرے۔ اس سلسلے میں اسے پنجاب حکومت کی کسی ہدایت کی ضرورت نہیں۔ عدالت کا فیصلہ ملنے کے بعد ہی حکومت اپیل کرنے کے بارے میں طے کرسکتی ہے۔ پرویز مشرف کے معاملے میں نوازشریف کسی بھی ڈیل کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی اندرون ملک یا بیرون ملک سے کسی دبائو میں آکر کوئی فیصلہ کریں گے، ڈیل اور پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے کی افواہ سازی بند ہونی چاہئے۔