لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سنیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ کوئی قومی مجرم قانون کے شکنجے سے نہیں چھوٹ سکتا، عوام افواہوں پر ہرگز کان نہ دھریں۔ جو معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہو اس پر سوچے سمجھے بغیر تبصرہ نہیں کیا جاتا۔ اپوزیشن والے حساس ایشو پر پوائنٹ سکورنگ سے گریز کیا کریں، ان کا رویہ انتہائی غیر مہذب اور غیر سنجیدہ ہے۔ آج پاکستان میں کسی فرد واحد کا راج نہیں بلکہ آئین اور قانون کی حکمرانی ہے۔ نظریہ ضرورت کو دفن ہوئے کئی برس بیت گئے، اب آئین اور قانون کے دائرہ سے باہرکچھ نہیں ہو گا۔ ہمارا ملک کسی ماورائے آئین اقدام کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان کا کوئی ادارہ کسی فرد واحد کیلئے اپنا وقار ہرگز دائو پر نہیں لگائے گا۔ یہ بات طے ہے جھوٹ کی بنیاد پر کسی شخص کو دنیا کی کسی عدالت سے ریلیف نہیں ملتا۔ وزیراعظم نوازشریف کڑے احتساب اور شفافیت کے حامی ہیں جبکہ انہیں انتقام اور ابہام سے شدید نفرت ہے۔