لاہور (کامرس رپورٹر) وفاق ہائے تجارت و صنعت کی فلورر ملنگ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین میاں محمد ریاض نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کے نرخ عالمی مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں کو مدِ نظر رکھ کرمقرر کئے جائیں ، اس وقت عالمی مارکیٹ میں گندم 150ڈالر فی ٹن کے نرخوں پر دستیاب ہے حکومت فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں کمی کرے، اور گندم کے نرخ 900/روپے فی من مقرر کئے جائیں۔ تاکہ گندم کی مقامی کھپت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اس کی ایکسپورٹ بھی ہو سکے۔ پاکستان کی فلور ملنگ انڈسٹری اس وقت گندم کی زائد قیمتوں کی وجہ سے جمود کا شکار ہے۔ افغانستان کی مارکیٹ پر روسی ریاستوں نے قبضہ جما لیا ۔ جو صدیوں سے پاکستانی گندم کی مصنوعات کی مارکیٹ رہی ہے۔ملکی گندم کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی گندم اور اس کی مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں ایکسپورٹ ناممکن ہو گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ملک کی فلور ملنگ انڈسٹری جمود کا شکار ہے ۔