بھٹہ سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا: اشفاق سرور

Jan 05, 2016

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے تمام بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جس کے لیے صوبائی سطح پرخصوصی مہم کے ذریعے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔تمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھٹوں پربچوں سے مشقت لینے والے افرادکے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یہ بات صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے سول سیکرٹریٹ میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے قائم اعلیٰ سطحی سٹیرنگ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود ، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل ، آئی جی مشتاق احمد سکھیرا، محکمہ لیبر، داخلہ ، انڈسٹریز ، سکولزکے سیکرٹریز سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب کو چائلڈ لیبر فری صوبہ بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ14سال سے کم عمر بچوں سے مشقت لینے والے افراد کے ساتھ کوئی رعائت نہیںبھرتی جائے گی۔ اجلاس میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے سرکاری سکولوں میں داخلے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 

مزیدخبریں