لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا‘ چودھری نثار کا قافلہ گزرنے سے چند منٹ پہلے دس کلو وزنی بم برآمد

Jan 05, 2016

لاہور (سٹاف رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا، بم ڈسپوزل سکواڈ نے ہنجروال پلی کے قریب سے ملنے والا 10 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا ، بم برآمد ہونے کے چند منٹ بعد وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا قافلہ اسی سڑک سے گزرا، بارودی مواد کو فرانزک لیب بھجوا دیا گیا جبکہ پولیس سمیت دیگر حساس اداروں نے بم رکھنے والے شخص کی ممکنہ طور پر علاقے میں موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن کیا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پولیس کی موبائل سکواڈ نے ہنجروال پلی کے قریب سٹیل کا لاوارث ڈول دیکھ کر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا۔ تلاشی لینے پر تیار بم برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بم دیسی ساختہ ہے جس میں 10 کلو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی، اے ٹی ایس سمیت دیگر حساس اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور حساس اداروں نے تمام پہلوﺅں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور تفتیش کی جا رہی ہے کہ تیار بم یہاں کس طرح پہنچایا گیا کیا اسے کسی دوسری جگہ منتقل کرکے تخریب کاری کی جانی تھی۔ سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بم کی نشاندہی کرنے والے موبائل سکواڈ کے لئے سی سی تھری سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اڑھائی کلو بال بیرنگ اور پٹرول سے بھرے ڈبوں کے ساتھ ریموٹ کنٹرول بھی پکڑا گیا۔ کچھ افراد کو شامل تفتیش کرکے پولیس سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج تلاش کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔
بم ناکارہ

مزیدخبریں