پاکستان کسی سے دشمنی نہیں چاہتا، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے: بلیغ الرحمٰن

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت دشمنی والا رویہ اپنائے ہوئے ہے اور اسے ہی زیادہ نقصان پہنچے گا۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پوری دنیا کے حالات جیسے بھی ہوں اس کے باوجود پاکستان کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، خطے سمیت مشرق وسطی میں جاری دہشتگردی اور لاقانونیت دیکھنے میں آرہی ہے اور پاکستان قانون پر عملداری میں اولین درجہ حاصل ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندی کا خاتمہ کرتے ہوئے دہشگردوں کی کمر توڑ دی ہے، ملکی حالات مسلسل بہتری کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں اور ملکی معیشت میں عروج کی جانب گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی واضح پالیسی ہے کہ خطے میں پڑوسی ممالک سمیت خطے اور دنیا بھر سے اچھے تعلقات استوار کئے جائیں، پاکستان کسی سے دشمنی کا قائل نہیں۔ بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے ایران اور روس سے تعلقات پہلے کی نسبت بہتر ہو رہے ہیں اور صرف بھارت دشمنی کا رویہ اپنائے ہوئے ہے اور اسے یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ دشمنی سے زیادہ نقصان اسے ہی پہنچے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اس کے ساتھ ساتھ بھارت سے امید کرتا ہے کہ وہ بھی ان کے انسانی حقوق کا خیال کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن