ڈی آئی خاں : پولیس موبائل پر بم حملہ‘ 7 اہلکاروں سمیت 17 زخمی‘ کوئٹہ فائرنگ سے سب انسپکٹر اور نجی سکول کا ڈائریکٹر جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان(نامہ نگار+ کوئٹہ+ بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہو گئے، بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ پانچ کلو وزنی تھا۔ دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی، پاک فوج اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا جبکہ کوئٹہ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر اور ایک نجی سکول کا ڈائریکٹر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کینٹ کی حدود میں بنوں اڈہ کے قریب یار سٹریٹ کے سامنے نا معلوم دہشت گردوں نے سڑک کے وسط میں موجود پٹی میں بارودی مواد نصب کر رکھا تھا۔ صبح جونہی گشت کے دوران کینٹ پولیس موبائل اس جگہ سے گزری تو دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کر دیا۔ دھماکے سے کینٹ پولیس موبائل کو بری طرح نقصان پہنچا، دھماکے سے قریب سے گزرنے والے دیگر 10 افراد بھی زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقہ جناح ٹاﺅن سے متصلی کلی شابو میں نا معلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر حبیب بادیزئی اور نجی سکول کا ڈائریکٹر عبدالواحد موقع پر دم توڑ گئے ، حملہ آور فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاءکے حوالے کر دی گئیں۔ ادھر جعفر آباد کے علاقہ چھتر سے مسلسل تیسرے روز تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کو بر وقت برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق تھانہ خزانہ کی حدود واحد گڑھی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے ہیڈ کانسٹیبل کے قتل کا مقدمہ کا ﺅنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان/ بم حملہ

ای پیپر دی نیشن