راولپنڈی ( نیوزرپورٹر) میئر راولپنڈی و چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سردار محمد نسیم خان نے کہا ہے کہ صفائی ورکرز کو درپیش تمام مسائل حل کیئے جائینگے،مالی امداد قتل ہونیوالے ورکرز کی قیمتی جانوں کا متبادل نہیں ہو سکتی لیکن اس سے کسی حد تک ان کے اہل خانہ کی مشکلات کم ہونگی،ہم انکے اہل خانہ کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی آفس میںٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونیوالے صفائی ورکرز عاشر آصف،کرامت مسیح ،محمد ارشاد،آصف مسیح ، محمد ثاقب اورزخمی ورکر صغیر مسیح کے اہل خانہ میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔تقریب میں راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے پی پی 14،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی خالد گورایہ ،ایم ڈی رولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر رضوان علی شیر دل ،سینئر مینیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال،صدر میونسپل ورکرز لیگ حاجی محمد فاروق و دیگر نے بھی شرکت کی،میئر راولپنڈی نے گزشتہ دنوں قتل اور زخمی ہونیوالے صفائی ورکرز کے ورثاء کو پانچ ،پانچ لاکھ روپے مالیت کے امدادی چیک دیئے،اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی،اس موقع پر اپنے خطاب میں سردار محمد نسیم نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں صفائی ورکرز انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں،ہم انکو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور انکے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ایک عظیم سانحہ ہے،پنجاب حکومت انکے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے،اور ہر طرح سے انکی دلجوئی کیلئے ہمہ وقت پیش خدمت ہے،راجہ محمد حنیف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے،صفائی ورکرز کی امداد کیلئے فنڈز فراہم کرنے پر حکومت پنجاب کے شکر گذار ہیں۔