چیئرمین نیب کا وزیر جنگلات، ایڈیشنل آئی جی بلوچستان کیخلاف تحقیقات کا حکم

Jan 05, 2018

اسلام آباد(نا مہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس( ر)جاوید اقبال نے بلوچستان کے محکمہ جنگلات کے وزیر عبید جان بابت کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے جن میں دبئی میں پراپرٹی، کراچی میں تقریباً 130 ملین روپے کی جائیداد، ملتان میں 2 بنگلے، ڈی جی خان میں 75 ملین روپے کا پٹرول پمپ اور کوئٹہ میں ایک بنگلہ شامل ہے، کی مکمل جانچ پڑتال کا ڈی جی نیب بلوچستان کو حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، سہیل جمالی اور دیگر کے خلاف محکمہ جنگلات کی 2500 ایکڑ زمین پر غیر قانونی قبضہ اور محکمہ ریونیو کے افسران کے ساتھ مل کر زرعی زمین کو غیر قانونی طور پر سندھ کے ضلع سجاول میں کاشت کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے سندھ کے سیکرٹری صحت ڈاکٹر فضل اﷲ پیچوہو کے خلاف سیکرٹری محکمہ تعلیم کے طور پر کام کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال اور اپنے من پسند افسران کی قواعد کے خلاف ٹرانسفرز/پوسٹنگ اور سیکرٹری صحت کے طور پر غیر معیاری ادویات کی خریداری کے ٹھیکے دینے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے بلوچستان کے ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے، بلوچستان کے فنڈز میں مبینہ خورد برد خصوصاً پٹرول، گاڑیوں کی مرمت اور فنڈز کا بے جا استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

نیب /تحقیقات

مزیدخبریں