پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا مسقط کا خیر سگالی اور تربیتی دورہ

Jan 05, 2018

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس رسد گار ، راہ نَوَرد اور آبدوز حرمت پر مشتمل پاک بحریہ کے فلوٹیلا نے مسقط کا خیر سگالی و تربیتی دورہ کیا۔کمانڈر سبمیرینز کموڈور الطاف حسین نے پاک بحریہ کے اس فلوٹیلا کی کمانڈ بطورِ مشن کمانڈرکی۔سلطان قابوس بندر گاہ پہنچنے پررائل نیوی آف عمان نے پاک بحریہ کے جہازوںکا پر تپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران مشن کمانڈر اور جہازوں اور آبدوزکے کمانڈنگ آفیسرز نے عمان کی بحریہ کے مختلف حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ رائل نیوی آف عمان کے آفیسرز، عمان میں مقیم پاکستانیوں،ملٹری/نیول اتاشیوں اور سلطان آرمڈ فورسز کے آفیسرز نے پاک بحریہ کے جہازوں اور آبدوز کا دورہ کیا۔اس خیر سگالی و تربیتی دورے کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، دو طرفہ تعلقات کو مزیدبہتر بنانا اور ایک دوسرے کے تجربا ت سے استفادہ حاصل کرنا تھا۔اس دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں کے آفیسرز اورعملے نے رائل نیوی آف عمان کے آفیسرز اور سی پی اوز/سیلرز کے ساتھ پیشہ ورانہ اُمور اور تجربات کا تبادلہ کیا۔

مزیدخبریں