چین گوادر کے قریب بڑا فوجی اڈا بنارہاہے:واشنگٹن'' ایسی کوئی تجویز نہیں ڈرون حملوں کا مناسب جواب دینگے:دفتر خارجہ

Jan 05, 2018

اسلام آباد + واشنگٹن (سٹاف رپورٹر + آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گوادر سمیت کہیں بھی چین کوئی فوجی اڈاہ نہیں بنارہا، نہ ایسی کوئی تجویز کبھی زیر غور آئی ۔یہ غلیظ پراپیگنڈا ہے تاکہ پاک چین معاشی راہداری منصوبہ کو نقصان پہنچایا جائے نیز ایسی باتیں پھیلانے والے پاک چین تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ امریکی صدر کی ٹوئیٹ پر امریکہ کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ان سے احتجاج کیا گیا۔ وزیر دفاع اور وزیرتجارت دونوں کہ چکے ہیں کہ امریکہ کی طرف سے ملنے والی امداد کی جلد تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔ ہمارے امریکہ کی طرف کولیشن سپورٹ فنڈ کے بقایا جات ہیں جن کی ادائیگی کیلئے بات ہوئی تھی، دیکھتے ہیں یہ بقایا جات دئے جاتے ہیں یا نہیں۔ پاکستان 8جنوری کو 146بھارتی ماہی گیر رہا کرے گا۔ حکومت پاکستان نے 457بھارتی قیدیوں کی ایک فہرست بھارت کے حوالے کی ہے جس میں 399ماہی گیر اور58سویلین شامل ہیں۔ پاکستان فلسطین کاز کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے جس میں فلسطین کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہوگا۔ ترجمان نے افغانستان کے شہر جلال آباد اور بلخ میں دہشت گردی کے واقعات کی بھی شدید مذمت کی۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ پاک افغان دوطرفہ تجارت میں کمی واقع ہورہی ہے بلکہ حقیقت اس کے برعکس ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا ہے، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اتھارٹی کا اجلاس جلد بلانے کے لئے رابطے جاری ہیں۔پاکستان نے بھارت کی طرف سے خطے میں اسلحہ کی دوڑ جاری رکھنے کو خطے کے استحکام اور سلامتی کے لئے خطرناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بیلسٹک میزائل سسٹم خطے میں اسلحہ کی دوڑ کا باعث بنے گا۔ پاکستان نے ہمیشہ سٹریٹجک استحکام کے لئے کئی تجاویز دی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت سے تمام تصفیہ طلب معاملات پر مزاکرات چاہتا ہے لیکن بھارت ایسے کسی مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈرون حملوں پر آئی ایس پی آر واضح کرچکا ہے کہ ایسے کسی حملے کی صورت میں مناسب جواب دیا جائے گا۔ ایران کی اندرونی سورتحال پر ترجمان نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، امید ہے کہ جلد سورتحال معمول پر آجائے گی، یہ اس کا اندرونی مسلہ ہے۔بھارت نے عرس حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء میں شرکت کے لئے پاکستانی زائرین کو آخری وقت میں ویزے جاری نہیں کئے جو کہ بہت افسوسناک اور 1974ء کے دوطرفہ معاہدہ کے خلاف ہے، یہ مذہبی آزادیوں کے بنیادی حق کے بھی خلاف ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت قابض افواج کی طرف سے ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔
واشنگٹن (آن لائن) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین پاکستان میں دوسرا اوورسیز فوجی اڈہ تعمیر کررہا ہے جو کہ سٹرٹیجک سمندری راستوں میں اس کی توانائی پروجیکشن صلاحیتوں کے فروغ کا حصہ ہے ۔ واشنگٹن پو سٹ نے اپنی رپورٹ میں معاہدے سے آگاہ دو نامعلوم شخصیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا یہ تنصیب خلیج عمان کے ایرانی سرحد کی نزدیکی بندرگاہ جیلوانی پر تعمیر کی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جیلوانی بیس کہلوانے والا یہ اڈہ چینی بحریہ اور فضائیہ کے لئے مشترکہ سہولت ہوگا جو کہ چینی تعمیر شدہ گوادر پورٹ سے کچھ فاصلے پر ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق اس منصوبے پر گزشتہ سال اٹھارہ دسمبر کو سولہ افراد پر مشتمل چینی فوجی کے ایک گروپ کے جیلوانی کے دورے پر پیش رفت ہوئی جب گروپ نے دس پاکستانی فوجی افسران سے ملاقات کی۔ رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ایک بڑا بحری اور فضائی اڈہ تعمیر کرنے کیلئے پاکستانی حکومت کو علاقے میں رہائش پذیر لوگوں کی بڑی تعداد کو بھی دوسری جگہ آباد کرناپڑیگا ۔
واشنگٹن پوسٹ


زرداری

مزیدخبریں