تحریک لبیک یارسول کا مارچ‘ 15جنوری تک مطالبات نہ ماننے پر جیل بھرو تحریک کا اعلان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ نے 15جنوری تک مطالبات کی منظوری نہ ہونے پر جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام سالانہ ’’یوم عشقِ رسول ﷺ ‘‘ اور ’’ممتاز ڈے‘‘ کے موقع پر کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور غازیان اسلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لاہور میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ایک تاریخ ساز ’’تاجدار ختم نبوت ﷺمارچ‘‘ کیا گیا۔ جس کے اختتام پر پنجاب اسمبلی کے سامنے شہدائے ختم نبوت کے چہلم کے سلسلہ میں تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ قبل ازیں پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئر نگ کراس میں شہدائے ختم نبوت کے سلسلے میں قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا اور شہداء کے ایصا ل ثواب کے لئے دعا کی گئی جبکہ داتا دربار سے شروع ہونے والے مارچ کی قیادت تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ، پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف، میاں ولید احمد شرقپوری سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف، پیر سید شمس الدین شاہ گولڑوی آستانہ عالیہ گولڑہ شریف، قاری زوار بہادر امیر جمعیت علما پاکستان، پیر سید ضیاء الاسلام شاہ گیلانی، پیر محمد اقبال ہمدمی چھانگا مانگا، ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی ،مولانامفتی محمد عابد جلالی ،پیر سید ظفر علی شاہ بنوری ،علامہ عبد الرشید اویسی ، پیر سید محمد خرم ریاض شاہ رضوی ،پیر سید عامر سلطان شاہ ،پیر سید واجد شاہ گیلانی ،سردار احمد رضا فاروقی،مولانا محمد عمران رضا شیرازی نے کی۔ مارچ کے شرکاء نے نعرہ تکبیر و رسالت، لبیک یارسول اللہﷺ، تاجدار ختم نبوت زندہ باد اور ’’قرآن کا قانون ہے خون کا بدلہ خون ہے‘‘ کے نعرے لگائے۔ مارچ میں علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے پنجاب اسمبلی کے سامنے تاجدار ختم نبوت مارچ کا اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لحاظ سے حضرت خواجہ حمید الدین سیالوی کی طرف سے 9 جنوری 2018 ء کولاہور میں داتا دربار پر ہونے والے احتجاج کی تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ بھر پورحمایت کا اعلان کرتی ہے۔ ہم مطالبات کی منظوری کے لئے حکمرانوں کو15جنوری تک ڈیڈ لائن دے رہے ہیں۔ ہم سے کئے گئے معاہدوں کی روشنی میں ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو 15جنوری کو ہم جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔7 اپریل کو لاہور میں ان شاء اللہ تعالی سالانہ عقیدہ توحید کے موقع پر ’’مرکزی نظام مصطفیﷺکانفرنس‘‘ اور غازی ممتاز حسین قادری شہید کے سالانہ عر س کی تقریب ہوگی۔ حکمران حلف نامہ ختم نبوت میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو بے نقاب نہ کر کے خود ہی اپنی قبر کھود رہے ہیں۔ صرف رانا ثناء ہی نہیں پوری حکومت کا جانا نوشتہ دیوار بن چکا ہے۔ بیت المقدس امت مسلمہ کا قبلہ اول اور فلسطینیوں کا دارالحکومت ہے اسکی آزادی کے لئے القدس یونائٹیڈ آرمی تشکیل دی جائے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...