راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء کیلئے جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے، عوام انتخابات میں اپنا فیصلہ خود سنائیں گے، 2013ء کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے، نواز شریف کی قیادت میں ٹھوس اقدامات سے بہتری آئی، جمعرات کے روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیتے ہوئے سرمایہ کاری کی، 2014ء سے صنعتوں کی لوڈشیڈنگ صفر تھی، 2013ء کے مقابلے میں ملک کی معاشی ترقی سب کے سامنے ہے، انہوں نے کہا کہ2013ء میں حکومت سنبھالی تو سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی تھا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں دیں، قوم نے دہشتگردی جیسے چیلنج کا مل کر مقابلہ کیا۔ 2013ء کے مقابلے میں معاشی شعبے میں ترقی سب کے سامنے ہے اس وقت ملک میں طلب سے زیادہ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔