عدالت عظمیٰ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل پر اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے. ریفرنس کا مقصد ملزمان کو دباو میں لانے کے سوا کچھ نہ تھا جب کہ ملزمان کو دفاع کا موقع بھی نہیں دیا گیا، کیس کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہیں تاہم ہائی کورٹ جج نے دوبارہ تحقیقات نہ کرانے کی وجوہات اپنے فیصلے میں بیان نہیں کیں، ریفرنس کو غیر معینہ مدت تک زیرالتوا رکھ کر قانونی عمل کی نفی کی گئی ۔جمعہ کو عدالت عظمیٰ نے فیصلہ جاری کردیا۔36 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے تحریر کیا۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریفرنس کا مقصد ملزمان کو دباو میں لانے کے سوا کچھ نہ تھا جب کہ ملزمان کو دفاع کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کیس کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہیں تاہم ہائی کورٹ جج نے دوبارہ تحقیقات نہ کرانے کی وجوہات اپنے فیصلے میں بیان نہیں کیں، ریفرنس کو غیر معینہ مدت تک زیرالتوا رکھ کر قانونی عمل کی نفی کی گئی جبکہ ریفرنس کے وقت نیب پرعزم نظر نہیں آیا اور نیب نے ٹرائل کورٹ میں ملزمان کے خلاف ایک بھی گواہ یا ثبوت پیش نہیں کیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ کسی شخص پر الزام کا فیصلہ جلدازجلد ہونا چاہئے تاکہ قصور وار ملزم کو سزا اور بے قصور بری ہوسکے، غیرمعینہ مدت تک التوا میں رہنے والے مقدمات انصاف میں تاخیر ناانصافی کے مترادف کے محاورے کو سچا ثابت کرتے ہیں، چار سال تک چیئرمین نیب نے ریفرنس بحالی کے لئے کوئی درخواست نہیں دی، پھر جب چیئرمین نیب نے بحالی کی درخواست دی تو کیس کی پیروی نہیں کی۔تفصیلی فیصلے میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ سماعت کے دوران میڈیا کی جانب سے سنجیدہ رپورٹنگ کی گئی جبکہ کچھ میڈیا گروپس نے کیس میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی رائے کو بھی شائع کیا۔